Justuju Tv جستجو ٹی وی

Thursday, October 23, 2008

Saudia Bans Pak UnSkilled Illiterate Labor


سعودی عرب نے پاکستان سے اَن پڑھ اور غیر ہنرمندافرادی قوت کی درآمد پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے،مقصد سعودی صنعت اور تمام نجی و سرکاری شعبوں کو بہترین ہنر مند و تعلیم یافتہ افرادی قوت دینا ہے جوعالمی معیار کے مطابق ضرورت کو پورا کرے،اِن اقدامات کا مقصد پاکستان سے افرادی قوت کی درآمد روکنا قطعاًنہیں جبکہ پاکستا ن سعودی عرب کا انتہائی قریبی بردار ملک ہے ، جاری عالمی مالیاتی بحران سے نمٹنے اور پاکستان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے سعودی عرب کا ہر ممکن تعاون جاری رہے گا ۔

بدھ کے روزاسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری کر دہ بیان کے مطابق سعودی عرب نے افرادی قوت کی درآمد کے لئے قوائد و ضوابط میں چند نئی تبدیلیاں کیں ہیں جس کے تحت پاکستان سے درآمد کی جانے والی افرادی قوت کا پڑھا لکھا ہونا ضروری ہو گااور خواہشمند حضرات کو قومی زبان اردو کو لکھنا اور پڑھنا جاننا انتہائی ضروری ہے کیونکہ سعودی حکام کو ان پڑھ افراد سے قانونی اور امیگریشن معاملات طے کرتے ہوئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑھتا ہے جبکہ اِس نئی حکمت عملی اور قوائد و ضوابط کیحوالے سے تمام ریکروٹمنٹ ایجنسیوں اور افرادی قوت برآمد کرنے والے اداروں کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور آئندہ تمام درخواستیں اسی نئے قانونی طریقہ کار کے تحت نمٹا یا جائے گا ۔

سعودی سفارتخانے سے ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اِن اقدامات کا بنیادی مقصد سعودی صنعت اور تمام شعبوں کو بہترین ہنر مند اور تعلیم یافتہ افرادی قوت دینا ہے تا کہ سعودیہ کے تمام کاروباری ، نجی و سرکاری شعبوں کو عالمی معیار کے مطابق ہیومن ریسورس فراہم کیا جا سکے جبکہ اِن اہم اقدامات کا قطعاً مقصد پاکستان سے افرادی قوت کی درآمد روکنا نہیں بلکہ برادر ملک میں ہنر مند افرادی قوت کے لئے کیے جانے والے اقدامات کو مزید موثر بنانا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستا ن سعودی عرب کا انتہائی قریبی بردار ملک ہے اور مشکل میں سعودی عرب ہر ممکن امداد کرتے رہیں گے جبکہ ہم شدت سے صدر آصف علی زرداری کے دورہ سعودی عرب کے منتظر ہیں جس سے پاک سعودیہ تعلقات میں مزید وسعت آئے گی ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک سعودی تعاون کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہمارے مابین انتہائی بردارانہ تعلقات ہیں ، جاری عالمی مالیاتی بحران سے نمٹنے وجاری مشکلات میں پاکستان تنہا نہیں چھوڑ سکتے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔

No comments: